اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نوری مالکی نے بدھ کو بدر تنظیم کے سکریٹری جنرل ہادی العامری اور دجلہ آپریشن کے کمانڈر میجر جنرل عبدالامیرالزیدی کے ہمراہ ، صوبہ صلاح الدین کو آزاد کرانے کی کاروائی میں شرکت کرنے والے فوجیوں اور عوامی رضاکاروں سے ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں انہوں نے کہا کہ صوبہ صلاح الدین کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی کاروائی عنقریب ہی اختتام کو پہنچ جائے گی اور اسی طرح صوبہ الانبار کو بھی ہم دہشت گردوں سے پاک کرکے اپنے ملک کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے آزاد کرالیں گے۔
نوری المالکی نے اسی طرح عوامی رضاکاروں اور اسلامی مزاحمتی گروہوں کی شجاعت و فداکاری کی قدردانی کی۔
واضح رہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گذشتہ گیارہ دنوں سے صوبہ صلاح الدین کے مرکز تکریت میں، دہشت گردوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کاروائیوں کا آغاز کیا ہے اور فوج اور عوامی رضاکار فورس نے، فضائیہ اور توپخانے کی مدد سے، شہر تکریت کا مکمل محاصرہ کرنے کے بعد اس شہر کی اہم شاہراہوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
عراقی حکام کے مطابق تکریت کو انتہائی کم ترین جانی اور مالی نقصان کے بعد مکمل طور پر آزاد کرالیا گیا ہے۔ صوبہ الانبار کے سیکورٹی اسسٹنٹ نے بھی بدھ کو کہا کہ حالیہ دنوں میں عراقی فوج نے داعش دہشت گردوں کو بھاری شکست دی ہے اور ان کو الرمادی شہر میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔









